Jul 16, 2026 |
بین الاقوامی, اہم خبریں, ہیڈلاینز
چین کی ہانگینگ ٹریڈ کمپنی اور آسٹریلیا کی ماسٹر لیپ گروپ کے درمیان گوادر فری زون میں سی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔معاہدے کے مطابق مجوزہ سرمایہ کاری کا تخمینہ تقریبا 5 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔ایم او یو کے مطابق پارک میں سی فوڈ پروسیسنگ کی جدید سہولیات، انفرادی فوری منجمد سسٹمز، ریفریجریٹڈ گودام، پیکیجنگ یونٹس، معیار جانچنے کی تجربہ گاہیں اور کولڈ چین لاجسٹکس کا نظام شامل ہوگا۔ہانگینگ کے چیف ایگزیکٹو اینڈی لیا نے بتایا کہ تعمیراتی کام آئندہ چھ ماہ کے اندر شروع کیا جا سکتا ہے جبکہ منصوبے کے پہلے مرحلے سے جون 2028کے آس پاس آپریشنز شروع ہونے کی توقع ہے۔کمپنیوں کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد سے قبل فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کی جائے گی، مشترکہ کمپنی قائم کی جائے گی اور مالی وسائل کے حصول کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ پارک کے ذریعے چین، آسٹریلیا، مشرقِ وسطی، جنوب مشرقی ایشیا اور یورپ کو سی فوڈ برآمد کیا جائے گا۔مفاہمتی یادداشت میں پائیدار طریقوں سے سی فوڈ کے حصول، ماحولیاتی تحفظ، مقامی افراد کو روزگار دینے، پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور مقامی ماہی گیروں سے طویل المدتی بنیادوں پر خریداری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔