1

قدرتی وسائل قوم کی امانت ، پوری ایمانداری سے حفاظت کرینگے، مریم نواز

Jul 16, 2026

متفرق شہرلاہورصفحہ اولاہم خبریںقومی

 لاہور (نوائے وقت رپوٹ+ نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نوازنے ’’پنک سالٹ کے ذخائر سے صنعت، روزگار اور برآمدات میں اضافہ کے لئے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا آغازکر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیوایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل اجراء کیا۔ پنجاب میں قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون میں 200 سے زائد یونٹ قائم ہوں گے۔ 150ملین کی سرمایہ کاری اور10 ہزار افراد کیلئے روزگار کے براہ راست مواقع پیدا ہوں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے بزنس فیسلیٹیشن سنٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔ نئے سرمایہ کار سالٹ پراسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلینگ اور پیکجنگ کے لئے قرض حاصل کر سکیں گے۔ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم میں 50 ملین روپے تک کے بلاسود قرضے کئے جا سکیں گے۔ پنک سالٹ کاروبار کیلئے مشینری، آلات اور ایکسپورٹ سٹینڈرڈ ٹیکنالوجی کیلئے 50 لاکھ سے5کروڑ تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ پنک سالٹ فنانسنگ سکیم قرض کی آسان اقساط میں 5 سال میں ادائیگی ہوگی۔ پنک سالٹ کی ایکسپورٹ سے 300 ملین ڈالر سالانہ زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں پنک سالٹ کی بڈ 471 ملین تک ہوئی، دوسرے فیز میں 2.5 ارب روپے کی پیشکش وصول ہوچکی ہے۔ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کے نیلامی ڈیجیٹل موڈ پر منتقل کر نے سے ریونیو میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔ انویسٹر، مائنز اینڈ منرلز کی ویب سائٹhttps://pinksalt.punjab.gov.pk پر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے ذریعے روزگار کے مواقع اور ریونیو بڑھے گا۔پنک سالٹ ذخائر سے صنعتکاری، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ پنک سالٹ پر اب میڈ ان پاکستان ہی لکھا جائے گا۔ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں، پوری ایمانداری سے حفاظت کریں گے۔  ویلیوایڈیشن فنانسنگ سکیم سے پنک نمک کی پیکنگ، پراسیسنگ اور ڈیکوریشن پیسزکی عالمی برآمدات بڑھیں گی۔ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کو دنیا کے بہترین پنک سالٹ ذخائر سے نواز ا ہے۔ پاکستان پنک سالٹ دنیابھر میں معیار اور منفرد معدنی اجزاء کی وجہ سے بہترین جانا جاتا ہے۔ مریم نواز  نے ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پرصوبے کے نوجوان کو ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰنے نوجوانوں کو لانسنگ، آئی ٹی اور ٹیکنیکل ٹریڈز میں شمولیت کی ہدایت کی۔  ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے مستفید نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آسان کاروبار اور آسان فنانس سکیم کے تحت ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد لوگوں کو قرض فراہم کیا گیا۔ آسان کاروبار سکیم کے تحت نوجوانوں کو 10 لاکھ سے تین کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض دے رہے ہیں۔ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں عالمی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن، میسن، ویلڈر، ٹائل فکسر اور ہیوی وہیکل مینٹی ننس جیسے جدید کورسز سکھائے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر سے 10,000 نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نصاب میں ای-کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ مریم نواز  سے منڈی بہاؤالدین کے رکن صوبائی اسمبلی خالد محمودرانجھا اور چوہدری اختر عباس بوسال نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عوامی مسائل، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو متعلقہ صوبائی حلقوں پی پی 42 اور43کے عوامی ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کے پیش کردہ عوامی مسائل حل کرانے کی ہدایت کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو منڈی بہاؤالدین میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر خراج تحسین پیش کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے ٰ مریم نواز  کے چھوٹے بڑے شہروں کی بیوٹیفکیشن کوبھی سراہا۔ مریم نواز نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر اضلاع کیلئے مزید الیکٹرو بسیں بھی لارہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی توفیق عوام سے کیے ہر وعدے کو پورا کیا ہے۔ 32 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و توسیع سے معاشی اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ وزیراعلیٰ نے مریدکے میں بسوں کے تصادم میں قیمتیں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی۔مریم نواز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ بیوٹی فکیشن پراجیکٹ میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی اطلاع کا سخت نوٹس لیا ہے۔ بارش کے باعث ٹوبہ ٹیک سنگھ بازار میں کنوپی ٹوٹنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں