Jul 16, 2026 |
کاروبار, اہم خبریں, قومی, ہیڈلاینز
تیل کمپنیوں نے ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کے حوالے سے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا۔تیل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ملک میں صرف 15 روز کی ضرورت کے برابر پیٹرول ذخائر باقی رہ گئے ہیں۔تیل کمپنیوں نے حکومت کو مقامی سطح پر پیٹرول کی ممکنہ قلت کے فوری خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری مداخلت نہ کی گئی تو پیٹرول (موٹر اسپرٹ/ایم ایس) کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔ 15جولائی کووفاقی وزیر توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک کے نام’ ’انتہائی فوری‘‘ درجے کے خط میں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے کہا کہ ملک میں پیٹرول کی فراہمی کی صورتحال غیر معمولی حد تک سنگین ہو چکی ہے، اس وقت صرف تقریباً 370 ہزار میٹرک ٹن موٹر اسپرٹ (ایم ایس) کا ذخیرہ موجود ہے، جو ملک کی تقریباً 15دن کی ضرورت کے برابر ہے۔تیل کمپنیوں کا مزیدکہنا ہے کہ درآمدی پیٹرول کی کلیئرنس متاثر ہورہی ہے، تین درآمدی پیٹرول کارگو بروقت نہ پہنچے تو سپلائی کو دھچکا لگ سکتا ہے، 66.7 ارب کی عدم ادائیگی سے آئل کمپنیوں کو مالی بحران کا سامنا ہے،انتہائی کم ذخائر، درآمدی ایندھن کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر، طلب میں اضافے اور شدید مالی دباؤ سپلائی میں رکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں۔