3

فیفا ورلڈ کپ: ایکواڈور نے جرمنی کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کر دیا، ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا، جہاں ایکواڈور نے جرمنی کو 1-2 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

جرمنی نے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں لیروئے سانی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم ایکواڈور نے شاندار واپسی کرتے ہوئے چند ہی منٹ بعد نیلسن انگولو کے ذریعے اسکور برابر کر دیا۔ میچ کے 77ویں منٹ میں گونزالو پلاٹا نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔

دوسرے ہاف میں ایکواڈور نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے جرمنی پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ اس کامیابی کے ساتھ ایکواڈور بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں شامل ہو کر آخری 32 کے مرحلے میں پہنچ گیا، جبکہ جرمنی پہلے ہی اپنے ابتدائی دو میچ جیت کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ یقینی بنا چکا تھا۔

دوسری جانب آئیوری کوسٹ نے کوراساؤ کو  2 گول سے شکست دے کر پری ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی۔

ایک اور سنسنی خیز مقابلے میں جاپان اور سوئیڈن کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ادھر نیدرلینڈز نے تیونس کو 1-3 سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کی، جبکہ پیراگوئے اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

ایک اور دلچسپ مقابلے میں ترکیہ نے میزبان امریکا کو اضافی وقت میں 2-3 سے شکست دے دی۔ مقررہ 90 منٹ کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 2-2 گول سے برابر تھیں، تاہم اضافی وقت میں کان ایہان نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے ترکیہ کو فتح دلا دی۔ اس شکست کے باوجود امریکا پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جبکہ ترکیہ کی ٹیم اس کامیابی کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں