ویب ڈیسک: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے خدشات کے باعث گزشتہ دنوں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ تاہم ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی پیش رفت اور جاری مذاکرات کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بتدریج نیچے آ رہی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بھی اشارہ دیا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق ورکنگ تیار کر لی ہے، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 سے 50 روپے فی لیٹر تک کمی کی مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ نئی قیمتوں کی حتمی منظوری وزیراعظم کی جانب سے دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا۔