2

ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

کیپشن: ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: نواسۂ رسول ﷺ، حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالسِ عزا، شبیہہ ذوالجناح، تعزیوں اور علم کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔

یومِ عاشور کا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی، دعاؤں اور ذکرِ حسینؓ سے ہوا، جبکہ امام بارگاہوں میں اعمالِ عاشور ادا کیے گئے۔ شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس کا انعقاد جاری ہے، جہاں علماء کرام اور ذاکرین فلسفۂ شہادت اور واقعۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں، کھارادر پہنچے گا۔ لاہور میں گامے شاہ جبکہ راولپنڈی میں امام بارگاہ عاشق حسین سے مرکزی جلوس برآمد ہو چکے ہیں، جو مقررہ راستوں پر گامزن ہیں۔

پشاور میں یومِ عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی رضی شاہ سے برآمد ہوا، جس کے بعد مزید 12 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینی سادات، سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہوا، جو شامِ مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔

اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، ملتان، خانیوال، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی جلوس اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔

یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ حساس علاقوں میں خصوصی حفاظتی اقدامات کے تحت بعض مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کی گئی ہے۔ متعدد شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہے، جبکہ عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر بعض علاقوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی نافذ کی گئی ہے۔

جلوسوں کے اختتام کے بعد ملک بھر میں شامِ غریباں کی مجالس منعقد ہوں گی، جن میں واقعۂ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات اور اہلِ بیتؓ کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں