نائجیریا میں ہونے والی ایک منفرد شادی نے لوگوں کو حیران کر دیا، جہاں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں سے شادی کرلی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں بھائیوں اور دونوں بہنوں کے نام بھی ایک جیسے ہیں، جس کے باعث شادی میں شریک مہمان بھی الجھن کا شکار رہے کہ آخر کون کس کا شریکِ حیات ہے۔فرانس 24 نیوز کے مطابق نائجیریا کے شہر ایبادان میں ایک ایسی شادی ہوئی جس نے دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ جڑواں بھائی تائیوو اور کیہندے اوگونتوئے رشتۂ ازدواج میں بندھے تو ان کی دلہنیں بھی جڑواں بہنیں تائیوو اور کیہندے اڈیڈیران تھیں۔چرچ میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران جیسے ہی دونوں جوڑے ایک ساتھ ہال میں داخل ہوئے، مہمان اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور اس منفرد منظر کو موبائل فونز میں محفوظ کرنے لگے۔ بہت سے افراد نے اسے زندگی میں ایک بار دیکھنے والا واقعہ قرار دیا۔شادی کے بعد تصاویر بنوانے کے دوران بھی مہمان بار بار رک کر یہ جاننے کی کوشش کرتے رہے کہ کون سا بھائی کس بہن کا شوہر ہے، کیونکہ دونوں جوڑے حیران کن حد تک ایک دوسرے سے مشابہ دکھائی دے رہے تھے۔دولہا تائیوو اوگونتوئے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمیشہ خواہش تھی کہ دونوں بھائی ایک ساتھ شادی کریں اور ان کی دلہنیں بھی جڑواں بہنیں ہوں۔ ان کے بقول خدا کے فضل سے ان کا یہ خواب حقیقت بن گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں خاندان نائجیریا کے اس علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جو جڑواں بچوں کی زیادہ پیدائش کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔اس منفرد رشتے کی کہانی بھی کم دلچسپ نہیں۔ کئی سال قبل ایک پروفیسر نے دونوں بھائیوں کو جڑواں بہنوں سے ملوایا تھا۔ ابتدا میں دوستی ہوئی. لیکن جب بھائیوں نے رشتے کی بات کی تو بہنوں نے صاف انکار کر دیا۔دلہن کیہندے اڈیڈیران نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اس وقت ان کا جواب تھا، ”ہم جڑواں بھائیوں سے شادی نہیں کرنا چاہتیں۔“وقت گزرنے کے بعد دوبارہ رابطہ ہوا اور اس بار قسمت نے دونوں خاندانوں کو ایک رشتے میں باندھ دیا۔شادی کی تقریبات میں بھی جڑواں پن نمایاں رہا۔ منگنی کی تقریب میں دونوں جوڑے ایک جیسے سرخ لباس میں ملبوس تھے، جبکہ استقبالیہ تقریب میں بھی ان کی ہم آہنگی دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔تقریب میں شریک ایک مہمان نے کہا کہ اس نے اپنی زندگی میں پہلی بار جڑواں بھائیوں اور جڑواں بہنوں کی شادی دیکھی ہے، جبکہ شادی کی منتظم نے بھی اعتراف کیا کہ اتنے برسوں میں انہوں نے ایسا منفرد منظر کبھی نہیں دیکھا۔یوں ایک تائیوو نے تائیوو سے اور ایک کیہندے نے کیہندے سے شادی کر کے نہ صرف اپنی دیرینہ خواہش پوری کی بلکہ ایک ایسی تقریب کو جنم دیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
2
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل