Jun 23, 2026
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں امام بارگاہ کے باہر بے قابوگاڑی کی ٹکر سے بچی کی ہلاکت کو پولیس نے حادثہ قرار دے دیا۔خیال رہےکہ 21 جون کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے ایک تیز رفتار گاڑی ڈیفنس خیابان سحر میں قائم امام بارگاہ کے باہر ٹینٹ میں گھس گئی تھی۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر 22 افراد زخمی ہوئے۔فوری طور پر ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو پہلے جناح اسپتال اور اس کے بعد مختلف نجی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گاڑی میں سوار افراد سے تحقیقات جاری ہے۔ اب تک کی تحقیقات میں ان کے بیانات کی تصدیق بھی کی جاچکی ہے یہ واقعہ محض ایک حادثہ تھا، اس میں کسی قسم کی کوئی منصوبہ بندی شامل نہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والی ایک بچی 22 جون کی شام جاں بحق ہوئی جب کہ 22 زخمیوں میں سے اب 7 زیر علاج ہیں، ان میں دو نجی اسپتالوں میں ایڈمٹ ہیں۔پیر کی رات علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے امام بارگاہ میں پریس کانفرنس بھی کی اور کہا کہ واقعےکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔پولیس حکام کا کہنا ہےکہ امام بارگاہ کے اطراف سکیورٹی مزید بڑھادی گئی ہے۔