1

کابل حملہ: کارروائی حقِ دفاع کے تحت کی گئی، ایمنسٹی کی رپورٹ بےبنیاد دعووں پر مبنی ہے، پاکستان

پاکستان نے حقوقِ انسانی کی عالمی تنظیم ایمنٹسی انٹرنیشنل کی جانب سے کابل میں منشیات کے عادی افراد کے مرکز پر حملے کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعوے قابلِ اعتبار شواہد کے بغیر کیے گئے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے 22 جولائی کو شائع کی گئی ایک نئی تحقیق میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رواں برس افغانستان کے دار الحکومت کابل میں ایک منشیات بحالی مرکز پر پاکستان کے فضائی حملے کی ممکنہ جنگی جرم کے طور پر تحقیقات کی جائیں۔

یاد رہے کہ 16 مارچ کو ہوئے اس حملے میں اقوام متحدہ کے مطابق کم از کم 269 شہری ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ کابل میں کیے گئے فضائی حملے میں ’تکنیکی معاونت کے انفراسٹرکچر اور گولہ بارود ذخیرہ کرنے کی تنصیبات‘ کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم طالبان حکام اس دعوے کو رد کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا پاکستان کی جانب سے کیے گئے فوجی اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت حقِ دفاع کے طور پر اور آخری چارہ کار کے طور پر کیے گئے، جن میں صرف شدت پسندوں اور ان کے لاجسٹک مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں ہزاروں شہری دہشت گرد حملوں میں ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے کئی حملوں کی منصوبہ بندی اور معاونت افغان سرزمین سے کی گئی۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان طالبان حکومت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور دیگر گروہوں کو افغان سرزمین پر سرگرمیوں، بھرتیوں، مالی معاونت اور پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کی اجازت دے رہی ہے، جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری ہونے والی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انھیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جو پاکستانی فوج کے اس دعوے کی تائید کرتے ہوں کہ حملے کے وقت ’امید ری ہیبیلیٹیشن اینڈ ٹریٹمنٹ سینٹر‘ کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخیرے یا کسی دوسرے فوجی مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں